ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپورسرکاری اسپتا ل میں ڈاکٹر غیر حاضر،آدھی رات کوزچگی کے لئے آئی خاتون کو واپس بھیج دیا

کنداپورسرکاری اسپتا ل میں ڈاکٹر غیر حاضر،آدھی رات کوزچگی کے لئے آئی خاتون کو واپس بھیج دیا

Tue, 06 Jun 2017 13:52:50    S.O. News Service

کنداپور،6/جون (ایس او نیوز)کنداپور سے ملی ایک خبر کے مطابق یہاں کے سرکاری اسپتال میں آدھی رات کے وقت درد سے تڑپتے ہوئے زچگی کے لئے آنے والی خاتو ن کو اسپتال میں ڈاکٹرکی غیر موجودگی کی وجہ واپس بھیج دیا گیا۔

    کہاجاتا ہے کہ زچگی کے لئے اسپتال آنے والی اس خاتون کا نام آشا(29سال) ہے جو کنداپور کے کوڈیا ہلے الوی کی رہنے والی ہے۔جب وہ اسپتال پہنچی تو ایک نرس نے اس کا معائنہ کیا اور پھر کچھ ہی منٹوں بعدخاتون کے رشتے داروں کو بتایا کہ ڈاکٹر چھٹی پر ہے اور کل تک ڈاکٹر کے آنے کی توقع نہیں ہے، اس لئے 108 ایمبولینس کو فون کرکے اسے اڈپی کے اسپتال لے جایا جائے۔اس وقت چونکہ زچگی کا درد بہت زیادہ بڑھ گیا تھااس لئے رشتے داروں نے مبینہ طور پراسپتال کے ڈاکٹرچندرا کو موبائل فون کرکے صورتحال بتائی۔ مگر ڈاکٹر نے ٹکا سا جواب دیتے ہوئے کہا میں چھٹی پر ہوں، تم اگر چاہو تو اڈپی لے جاؤ، یا پھر جو تمہاری مرضی ہے وہ کرو۔

    مصیبت تو اس وقت ہوگئی جب  108 ایمبولینس کو کئی بار فون کرنے پر بھی کوئی جواب نہیں ملا۔ دوسری طرف سرکاری اسپتال کی عام ایمبولینس کی علاوہ حاملہ عورتوں کے لئے مخصوص "نگُو۔مگُو"نامی ایمبولینس بھی موجود ہونے کے باوجود اسپتال کے عملے نے آشا او راس کے رشتے داروں کو یہ سہولت فراہم نہیں کی۔بالآخر بارش میں بھیگتے ہوئے اسپتال کے کچھ دورتک چلنے کے بعد آٹو رکشہ کے ذریعے کنداپور کے سری دیوی اسپتال میں حاملہ کو لے جایا گیااور پھر وہاں صرف پانچ منٹ کے اندرزچگی عمل میں آئی۔ اگر ذرا تاخیر ہوتی تو بیچ سڑک پر زچگی ہونے کا پورا امکان تھا۔

    سرکاری اسپتال میں اس طرح کی غیر انسانی حرکت کے خلاف آشا کے رشتے داروں نے ویمن ویلفئیر ڈپارٹمنٹ میں شکایت درج کروائی ہے۔جبکہ اسپتال کے سرجن ڈاکٹر اودئے شنکر نے بتایا کہ اس واقعے کے تعلق سے انہیں کچھ پتہ نہیں تھا۔ اس معاملے کی خبر انہیں ویمن ویلفئیر ڈپارٹمنٹ کی طرف سے ملی ہے۔ پوری طرح تحقیقات کے بعد وہ خاطیوں کے خلاف ضروری کارروائی کریں گے۔


Share: